بھارتی زیر قبضہ جموں وکشمیر :پیپلز لیگ کا قتل و غارت پر اظہار تشویش

سرینگر 10اپریل : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ”پیپلز لیگ “ نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل وغارت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے جنرل سیکرٹری نصیر الاسلام نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیر کے حوالے سے طاقت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جسکا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکالہذا آگے بڑھنے اور قتل و غارت کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ مسئلے کے حل کیلئے سیاسی طریقہ کار اپنا یا جائے۔انہوں نے شوپیان اور پلوامہ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔
دریں اثنا پیپلز لیگ کے رہنما مولوی بشیر احمدنے جنوبی کشمیر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کو ایک مسئلے کے طور پر تسلیم کر کے اسے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے اقدامات کرے۔ انہوںنے کہاکہ اگر مسئلہ کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا میںایٹمی جنگ کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا جس کے خطرناک اثرات کی دنیا متحمل نہیں ہوسکتی۔