ملک میں مہنگائی میں اضافہ، شرح 14.48 فیصد پر پہنچ گئی

ملک میں ایک ہفتےکے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.38 فیصد اضافہ ہوگیا جس کے بعد شرح 14.48 فیصد پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 7 اشیائےضروریہ میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.38 فیصد اضافہ  ہوا اور مہنگائی کی شرح 14.48 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 28 روپے 56 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹر کی اوسط قیمت 93 روپے77 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ گھی کی فی کلوقیمت 6 روپے67 پیسے اضافے کے بعد فی کلو اوسط قیمت 356 روپے 52 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 42  پیسے اضافہ ہوا اور اوسط قیمت 100 روپے 75 پیسے ہوگئی  جبکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اور انڈے کی فی درجن قیمت میں 2 روپے 21 پیسے اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق انڈے کی فی درجن قیمت 170 روپے 40 پیسے، بیف 3 روپے، مٹن 95 پیسے، آلو 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 154 روپے 15 پیسے اضافہ ہوا اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 2ہزار 321روپے 46 پیسے پہنچ گئی۔