جنوبی افریقا میں موجود قومی اسکواڈ کی کرونا ٹیسٹنگ مکمل

سنچورین: جنوبی افریقا کے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ بھی آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پروٹیز سے پہلے ون ڈے میں نبردآزما ہونے کے لئے شاہینوں کی سینچورین میں تیاریاں جاری ہیں، کھلاڑیوں نے دوسرے سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بھرپور ٹریننگ کی اور اپنی خامیوں کو دور کیا۔

بائیو سیکور ببل میں رہتے ہوئے کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں اسٹیڈیم میں فزیکل ٹریننگ کی تھی، اسی دوران قومی کرکٹر کی کرونا ٹیسٹنگ بھی کی گئی تھی، اچھی خبر یہ ہے کہ ایک بار پھر قومی اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں بشمول اسٹاف تمام کی کرونا رپورٹ منفی آئی ہے۔

یہ جنوبی افریقا میں قومی اسکواڈ کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ تھی، ستائیس مارچ کو ہونے والی پہلی کرونا ٹیسٹنگ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی، جس کے بعد قومی اسکواڈ نے سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ افریقا کے دوران تین ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، ایک روزہ سیریز کا آغاز 2 اپریل سے ہوگا۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا روانگی سے قبل پاکستان میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ ہوئے تھے، جو منفی آئے تھے جس کے بعد ہی قومی ٹیم کو جنوبی افریقا کے لئے اڑان بھری تھی۔