پانچ اگست کی ہڑتال بھارت کیلئے نوشتہ دیوار ہے، خواجہ فردوس

سرینگر07اگست ( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ (ڈی پی ایم) کے چےئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ پانچ اگست کے روز مقبوضہ علاقے میں کی جانے والی مکمل ہڑتال بھارت کیلئے نوشتہ دیوار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے عالمی برادری پر ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے۔ خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیری عوام کو دباﺅ میں لانا چاہتا ہے جس کی واضح مثال بھارتی فوج اورپولیس کیطرف سے پانچ اگست کے روز سرینگر اور دیگر قصبوں میں دکانوں کے تالے توڑنا اور اور دکانیں نہ کھولنے پر دکانداروںکو ہراساں کرنا ہے۔ ہانہوںنے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے لہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ خواجہ فردوس نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع بڈگام کے علاقے مانچھواہ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔