قومی کرکٹ ٹیم کچھ دیر بعد دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہوگی

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم صبح 9 بجے چارٹرڈ فلائٹ سے جنوبی افریقہ روانہ ہوگی، اسکواڈ 21 کھلاڑیوں اور 13 آفیشلز پر مشتمل ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ افریقہ کے دوران تین ون ڈے میچ اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جس کےلیے شاہینز کچھ دیر بعد جوہانسبرگ کےلیے روانہ ہوں گے، ایک روزہ سیریز کا آغازدو اپریل سے ہوگا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے ارکان بھی آئندہ ماہ زمبابوے روانہ ہوں گے۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے لاہور میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قوم کو خوشخبری سنائی تھی کہ حسن علی سمیت تمام کھلاڑیوں کے کروناٹیسٹ کلیئر ہیں۔

مصباح الحق نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز اہم ہے، امید ہے کھلاڑی اچھی پرفارمنس دینگے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شرجیل خان ہماری رضا مندی کے بغیر ٹیم میں نہیں آیا، ہم نے دائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز کے لئے لمبی پلاننگ کر رکھی ہے، سزا مکمل ہونے کے بعد شرجیل خان کو قانون کھیلنے سے نہیں روکتا۔