بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے علاقائی امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے: فیض نقشبندی

جنیوا15مارچ : میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے کہا ہے کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے علاقائی امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فیض نقشبندی نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اورعالمی رہنماﺅں کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں رہائشی مکانات اور کاروباری مراکز کو تباہ کررہی ہیں اور مختلف بہانوں سے کشمیریوں کو گرفتار کرکے ان کی زندگی کو جہنم بنا رہی ہے تاکہ وہ فسطائی حکومت کے سامنے سرنڈر کریں۔انہوںنے میرواعظ عمر فاروق کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا جو 5 اگست 2019 ءسے مسلسل غیر قانونی طور پر گھر میں نظربند ہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارتی جیلوں میں نظربندحریت رہنماو ¿ں سمیت کشمیریوں کی حالت انتہائی قابل رحم ہے۔ انہوںنے بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی سے مطالبہ کیاکہ وہ مداخلت کرے اور بھارتی جیلوں کا دورہ کرکے کشمیریوں کی حالت زار کا خود مشاہدہ کرے ۔سید فیض نقشبندی نے کہا کہ جعلی مقابلے ، جبری گمشدگیاں، گھروں کی تباہی اور تشدد مقبوضہ جموںوکشمیر میں روزکا معمول بن چکاہے۔ انہوںنے عالمی رہنماﺅں ، غیر سرکاری تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری مظالم کی تحقیقات کے لئے اپنی ٹیمیں علاقے میں بھیجیں۔