بھارتی پولیس نے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو کو گرفتار کرلیا

سرینگر 16 فروری : بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں بھارتی پولیس نے سرینگر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ایند ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو کو گرفتار کرلیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے محمد احسن اونتو کو یورپی اور افریقی پارلیمانوں کے من پسند ارکان کے دورہ کشمیر سے قبل گرفتار کر کے راج باغ پولیس اسٹیشن سرینگر میں نظربند کردیاہے ۔ پولیس حکام نے اونتو کو بتایاانہیں اطلاعات ملی ہیں کہ وہ آج ( بدھ کو) یورپی اور افریقی پارلیمانوں کے ارکان کے دورے کے موقع پر احتجاج کرنے جارہے ہیں۔
ادھر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ایند ہیومن رائٹس کے قانونی مشیروں کی ٹیم نے ایک بیان میں محمد احسن اونتو کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ ٹیم نے بتایا ہے کہ پولیس نے اونتو کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ سرینگر کی صدر عدالت میں موجودتھے ۔پولیس نے انہیں بتایا کہ ان کے پاس یہ اطلاعات ہیں کہ وہ آج (بدھ کو)غیر ملکی وفد کے مجوزہ دورے کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔