بھارت پاکستان کے خلاف جعلی فوجی آپریشن کر سکتا ہے، منیر اکرم اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم کا خطاب

نیویارک(کے پی آئی) پاکستان نے اقوام متحدہ میں خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف اپنی جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لئے جعلی فوجی آپریشن کر سکتا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے جعلی خبریں پھیلا کر پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا  ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کو بھارت کے اندر سے بڑھتی ہوئی مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ اقتدار پر کنٹرول برقرار رکھنے کے لئے پاکستان سے کشیدگی کو بڑھا سکتے  ہیں۔کے پی آئی  کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے سے انکار کر رہا ہے ۔ بھارتی فوج  شمیر میں ظلم وجبر ڈھا رہی ہے جبکہ دوسری طرف مسلم اکثریتی ریاست کشمیر کو ایک ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ ہندوستان کے ڈیڑھ لاکھ ہندوں کو کشمیریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی اجازت دے کر بھارت  بین الاقوامی قوانین  کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت  لائن آف کنٹرول  پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ۔