قائد انقلاب سید علی گیلانی کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے راولپنڈی میں تقریب کا اہتمام

راولپنڈی30اگست() تحریک آزادی جموں وکشمیرکے عظیم قائد سید علی گیلانی کے پہلے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے راولپنڈی میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیاگیا۔
تقریب کا اہتمام تحریک حریت جموں کشمیر نے کیا تھا اور اس میں حریت رہنمائوں ، کارکنوں اوردیگر لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کی صدارت تحریک جموں وکشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغرتقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ غلام محمد صفی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی کا نام برصغیر کی تاریخ میں کسی تعارف کا محتاج نہیں اوروہ ذرے کو مہتاب کرنے والی ایک کرشماتی شخصیت تھے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر آج بھی ایک ایسا آ تش فشاں ہے جو وقفے وقفے سے لاوا اگل رہا ہے۔ راکھ کے اس ڈھیر کو آتش فشاں بنانے والے سید علی گیلانی تھے۔انہوں نے کہاکہ دشمن اس مرد آہن کو پس دیوارزندان رکھ کر توڑنا چاہتے تھے، قدرت نے دل اور سرطان کے امراض میں مبتلا کرکے ان کے حوصلوں کوآزمایا۔لیکن آ ہنی عزائم کے مالک سید علی گیلانی ہرآزمائش اور امتحان میں سرخ رو ہوکر نکلے۔ محمود احمد ساغر نے قائد تحریک کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کا مشن ہرصورت میں جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم رہیں یانہ رہیں یہ جدوجہد جاری رہے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے قائد تحریک کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی ایک شخص نہیں بلکہ ایک انجمن، ایک انقلاب کا نام تھا، وہ روزاول سے اپنے موقف پر چٹان کی طرح قائم رہے اور کبھی اپنے فکر اور نظریے میں کسی الجھائو کے شکار نہ رہے۔ حریت رہنمامیر طاہر مسعود نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتحاد و اتفاق کے سب سے بڑے داعی تھے۔سیدیوسف نسیم،الطاف احمد وانی،سید فیض نقشبندی اور محمد حسین خطیب نے کہاکہ سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ ایڈوکیٹ پر ویز احمد اور شیخ عبدالمتین نے سید علی گیلانی کی زندگی کو ایک کھلی کتاب قرارد یتے ہوئے کہاکہ چند ناعاقبت اندیش لوگوں نے ان کی زندگی کے آ خری ایام میں انہیں متنازعہ بنانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے مکروہ عزائم میں نہ ماضی میں کامیاب ہوئے اور نہ آ نے والے وقت میں کبھی انہیں کامیابی ملے گی۔تقریب سے دیگر لوگوں کے علاوہ دائوداحمد خان،امتیاز احمد وانی،منظور احمد ڈار،راجہ بشیر عثمانی،مشتاق احمد بٹ اور گلشن احمد نے بھی خطاب کیاجبکہ نثار مرزا، خادم حسین ،شیخ محمد یقوب، عبدالمجید، عدیل مشتاق وانی، زاہد مجتبی،میاں مظفر،عبدالماجد، مجاہد بابر، مجاہد ذاکراللہ،شبیر احمد ڈار اور محمد زاہد صفی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔