سرینگر میںبھارتی فوج کی طرف سے کھیل کے میدان پر زبردستی قبضہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا

سرینگر18جنوری : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے سرینگر شہر میں کھیل کے میدان پر زبردستی قبضہ کرنے کی بھارتی فوج کی کوششوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین پریس انکلیو میں جمع ہوگئے اور شہر کے علاقے چھتہ بل میں بھارتی فوج کی طرف سے کھیل کے میدان کو باڑ لگانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مقامی لوگوں نے پوچھا کہ اگربھارتی فوج نے کھیل کے میدان پر قبضہ کیا تو ان کے بچے کہاں جائیں گے۔مظاہرے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ یہ واحد کھیل کا میدان ہے جو ہمارے بچے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ ایک اور شخص نے کہاکہ میں 47 سال کا ہوں اور بچپن سے ہی میں اس گراو ¿نڈ میں کھیل رہا ہوں۔ بھارتی فوج اس زمین پر زبردستی قبضہ کیسے کر سکتی ہے؟ کوئی بھی ہماری بات نہیں سن رہا ہے ، یہاں تک کہ ضلعی انتظامیہ بھی اس پر خاموش ہے۔ایک اور شخص نے کہاکیا وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے منشیات کی دلدل میں پھنس جائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں سے خوش نہیں ہیں۔مظاہرین نے کہاکہ یہ افسوسناک صورتحال ہے کہ بھارتی فوج اپنی مرضی سے کسی بھی چیز پر قبضہ کر لیتی ہے اور اس سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔