سعودی عرب کا دنیا کا پہلا ’’اسکائی اسٹیڈیم‘‘ تعمیر کرنے کا منصوبہ

سعودی عرب نے جدید کھیلوں کے میدان میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے نیو م (NEOM) اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جسے دنیا کا پہلا "اسکائی اسٹیڈیم” قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیوم اسٹیڈیم میں 46 ہزار ناظرین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ اس کی تعمیر کا آغاز 2027 میں متوقع ہے اور اسے 2032 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ یہ اسٹیڈیم زمین سے 350 میٹر بلند ی پر ہوگا ۔

ذرائع کے مطابق نیوم اسکائی اسٹیڈیم کو 2034 فیفا ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی کے لیے بھی شامل کیا جائے گا۔ سعودی عرب نے 48 ٹیموں پر مشتمل اس عالمی ایونٹ کے انعقاد کے لیے باضابطہ طور پر اپنی بولی جمع کرائی تھی، جسے فیفا نے بعدازاں منظور کرلیا۔

اگرچہ اب تک سعودی میڈیا کی جانب سےاس ’’اسکائی اسٹیڈیم‘‘ کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم 2024 میں عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب نے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے کھیلوں کے انفراسٹرکچر میں انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کھیلوں، سیاحت اور جدید تعمیرات کے میدان میں دنیا کی قیادت کرے۔