پاک فوج دنیا کی طاقتور ٹاپ ٹین افواج میں شامل

اسلام آباد: دنیا کی طاقتور افواج کی 2021 کی رینکنگ جاری کردی گئی جس کے مطابق پاک فوج دنیا کی طاقتور ٹاپ ٹین افواج میں شامل ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر افواج کی صلاحیت اور کارکردگی کے اعتبار سے جاری ہونے والی درجہ بندی میں پاک فوج ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی۔

گلوبل فائر پاور کی رینکنگ میں پاک فوج کا دسواں نمبر ہے، اس سے قبل پاک فوج کی رینکنگ پندرہ تھی، پاکستان نے ایران ، انڈونیشیا ، اسرائیل اور کینیڈا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رینکنگ کے لیے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاک فوج مالی وسائل میں دنیا کئی دیگر ممالک سے پیچھے ہونے کے باوجود صلاحیتوں اور کارکردگی میں دنیا کے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہے۔

فوجی لحاظ سے طاقتو رممالک میں امریکا پہلے، روس دوسرے، چین تیسرے نمبر پر براجمان ہے، رینکنگ میں بھارت بدستور چوتھے، جاپان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

دنیا کی پہلی 15فوجی طاقتوں میں پاکستان کے علاوہ کسی کی رینکنگ میں بہتری نہیں ہوئی، گزشتہ سالوں میں صرف پاکستان کی فوجی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ رینکنگ کی بنیاد 50 سے زائد فیکٹرز کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے، ان فیکٹرز میں ملٹری حجم سے لے کر معاشی پوزیشن، جغرافیائی حیثیت جیسے عوامل شامل ہیں۔