اقوام متحدہ مسرت عالم، شبیر احمد شاہ سمیت قید کشمیریوں کو رہا کرائے،حریت کانفرنس کشمیری عوام کو ان کی شہری آزادیوں کی فراہمی اور قید رہنماوں کو بلاتاخیر رہا کیا جائے

سری نگر() کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ  نئے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دوسرے کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت کے بعدمقرر کئے گئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نئے عہدیدار ثابت قدمی سے بزرگ رہنما کے نظریہ پر عمل درآمد جاری رکھیں گے ۔ حریت ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کی شہری آزادیوں کی فراہمی اور غیر قانونی طور پر نظربند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں بشمول نئے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ اور وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ ترجمان نے  حریت رہنمائوں کو بدنام کرنے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسیوں ، زرخریدمیڈیا اور   آر ایس ایس کے کارکنوں کی مہم کی شدید مذمت کی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور آر ایس ایس کو چیلنج کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی اظہار ائے کی آزادی ، پر امن اجتماع اور ا ن کے اکٹھے ہونے پر عائد پابندیاں اٹھا کر ان کا سامنا کریں تو انہیں حریت رہنمائوں کی کشمیری عوام میں مقبولیت کا پتہ چل جائے گا ۔