
سید علی گیلانی پوری زندگی اپنے موقف پر قائم رہے۔او پی شاہ سید علی گیلانی کا اپنا ایک موقف تھا اور وہ عمر بھر اس پر قائم رہے
نئی دہلی( ) بھارتی غیر سرکاری تنظیم مرکز برائے امن وترقی کے چیرمین اوم پرکاش شاہ نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیر کے سب سے مقبول ترین رہنما تھے وہ پوری زندگی اپنے موقف پر قائم رہے۔قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی کی وفات پر بھارتی ٹی وی سے بات چیت میں اوم پرکاش شاہ نے کہا کہ میرے سید علی شاہ گیلانی سے بہت اچھے مراسم رہے ہیں۔ اکثر ان سے ملنے کے لیے ان کے گھر سرینگر کے حیدر پورہ بھی جا چکا ہوں۔ اس کے علاوہ کئی بار وہ ان کے دہلی کے مکان مالویہ نگر بھی جا چکا ہوں ۔ سید علی گیلانی سے نجی ملاقاتیں بہت اچھی رہیں، وہ بہت خلوص سے ملتے تھے اور بہت اچھے طریقے سے بات کرتے تھے، یہ اور بات ہے کہ ان کا اپنا ایک موقف تھا اور وہ عمر بھر اس پر قائم رہے لیکن کبھی بھی سخت لہجے میں بات نہیں کی۔وم پرکاش شاہ نے کہا کہ جہاں تک کشمیر کی سیاست کی بات ہے ان کے بعد کیا ہوگا یہ ابھی کہنا ممکن نہیں ہے۔ وہ گزشتہ دو برسوں سے بیمار تھے۔ بیماری کی وجہ سے وہ سیاست میں بھی سرگرم نہیں تھے ۔اوم پرکاش شاہ نے سید علی گیلانی کے انتقال پر ایک ٹویٹ میں لکھا ہے میں سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر اپنی مخلصانہ تعزیت پیش کرتا ہوں۔ ان کی روح کو سکون نصیب ہو۔