یومِ شہدا ء کشمیر کے موقع پر ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد13جولائی ( ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہاہے کہ یومِ شہدا ء کشمیر کے موقع پر ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیںاور 13جولائی1931کے ان 22شہداکو سلام پیش کرتے ہیں جو ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہیوں کی جانب سے پرامن مظاہرین پراندھادھند فائرنگ سے منصبِ شہادت پر فائز ہوئے۔
عمران خان نے ٹویٹرپر جاری پیغام میں کہاکہ بھارتی جبر اور غیرقانونی تسلط کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہدمزاحمت اورقربانیوں کی تاریخ سے عبارت ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ مزاحمت کی یہ بے خوف اور آزاد روح پوری طرح زندہ ہے کہ کشمیری مرد و زن     غیر قانونی بھارتی تسلط کیخلاف پیہم صف آرا ہیں۔ اس منصفانہ جدوجہد میں پاکستان اہلِ کشمیر کے ساتھ ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں انہیں ان کا حقِ خود ارادیت ملنے تک کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔