بھارت ایک پولیس سٹیٹ ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس مقبوضہ جموں وکشمیر میں کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کی مذمت

سرینگر 24جون ( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے فسطائی حکمرانوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔  کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری تعلقات عامہ بشیر احمد اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران سوپور، پلوامہ، شوپیاں، ترال ، سرینگر اور دیگر علاقوں سے تین سوسے زائد لوگوں جن میں زیادہ نوجوان ہیں کو گرفتار کر کے مقبوضہ علاقے اور بھارتی کی جیلوں میں منتقل کیا گیا۔ انہوںنے نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیلوںمیں گنجائش سے زیادہ قید ی رکھے گئے ہیں ۔بشیر احمد اندرابی نے کہا کہ کشمیری نظر بندوں کو تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ، غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق کالے قانون ( یو اے پی اے) مینٹی نینس آف انٹرنل سیکورٹی ایکٹ اور نیشنل سیکورٹی ایکٹ کے تحت ساڑے چار ہزار سے زائد حریت رہنمائوںاورکارکنوں کو ناکردہ جرائم میں غیر قانونی طور پر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔ انہوںنے فسطائی بھارتی حکومت کے غیر انسانی رویے کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کے خلاف کالے قوانین اور شہریوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال نے ثابت کیا ہے کہ بھارت ایک ثابت شدہ پولیس سٹیٹ ہے جہاں لوگوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ بشیر احمد اندرابی نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی گھروں جبکہ محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، آسیہ اندرابی ، مسرت عالم بٹ ، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، الطاف احمد شاہ ، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلوال ، شاہد الاسلام ، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان، مقصود احمد بٹ، امیر حمزہ ، محمد یوسف میر ، محمد یوسف فلاحی، فاروق توحیدی ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین ، شاہد یوسف ، شکیل یوسف ، نذیر احمد شیخ ، محمد ایوب میر ، محمد ایوب ڈار، شوکت احمد خان ، غلام قادر بٹ ، شوکت حکیم ، معراج نندہ ، غنضفر اقبال ، عاقب وانی ، نذیر پٹھان ، طارق پنڈت ،تاجر ظہور احمد وٹالی اور جیلوں میں نظر بند دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوںکے عزم وہمت کو سلام پیش کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں بنیادی حقوق سے محروم کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی نظر بندیوں ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نسل کشی کے خاتمے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ بشیراحمد اندرابی نے مزید کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر خطے کے امن کے لیے شدید خطرے کا باعث ہے اوراس مسئلے کیوجہ سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے لہذا اس  کاکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ناگزیر ہے۔