
سرینگر: فوٹو جرنلسٹوں پر بھارتی پولیس کے تشدد کی مذمت
سرینگر06 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں صحافتی تنظیموں نے بھارتی پولیس کی طرف سے سرینگر میں دو فوٹو جرنلسٹوں پر تشدد کی مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس اہلکاروںنے فوٹوجرنلسٹوں شفاعت فاروق اور ثاقب مجید کو گزشتہ روز)جمعہ) اس وقت تشدد کانشانہ بنایا جب وہ جامع مسجد سرینگر کے باہر ایک بھارت مخالف مظاہرے کی کوریج کر رہے تھے۔ کشمیر ایڈیٹرز گلڈ نے ایک بیان میں مقبوضہ وادی میں میڈیا اداروں اور صحافیوں کے خلاف بڑ ھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ تنظیم نے کہا کہ ایک آزاد میڈیا ہر ایک کے مفاد میں ہے جسے بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔ کشمیر پریس کلب نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں فوٹو جرنلسٹوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صحافیوں کو آئندہ ایک آزادانہ ماحول میں بنا کسی خوف و ڈر کے کام کرنے دیا جائے گا۔