
کشمیری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، خان سوپوری
سرینگر : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سینئر حریت رہنما غلام محمد خان سوپور ی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنی تحریک آزادی جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام محمد خان سوپور ی نے سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مادر وطن کی آزادی کیلئے کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں تاریخ کا ایک شاندار باب ہیں۔
انہوںنے کشمیری شہدائ غلام محمد بلہ ، ایس حمید وانی، شیخ عبدالعزیز ، رشید شوکت وانی، نذیر احمد وانی، عبدالسلام راجپوری اور خلیل الرحمان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ خان سوپور ی نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیریوںکے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرنے کے بجائے زمینی حقائق تسلیم کرکے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرے۔