کشمیری صحافیوں کو حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے، صحافتی تنظیمیں

سرینگر  : غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں آٹھ کشمیری صحافتی تنظیموں نے صحافیوں کو مسلسل ہراساں کیے جانے کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو اپنی غیر جانبداری اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ’’ کشمیر ایڈیٹرز گلڈ، جموںوکشمیر ایڈیٹرز فورم ، کشمیر پریس ایسوسی ایشن ، کشمیر پریس کلب ، کشمیر ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن ، جموںوکشمیر ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن ، کشمیر نیشنل ٹیلی ویڑن جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور کشمیر کورپس ‘‘نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کشمیر کے میڈیا کے حوالے سے فیصلے صادر کرنا تمام سیاسی اور نظریاتی خیالات کے حامل متنوع عناصر کیلئے معمول بن چکاہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایڈیٹروں اور رپورٹروں سمیت تمام کشمیر ی صحافی گزشتہ تین دہائیوںسے سرینگر کے خونی ماحول میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں لہذا ان کی مسلسل بے توقیری قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیر میں میڈیا اپنی بقا کی جنگ لڑرہا ہے اور وہ غیرجانبدار رہنے اور حقائق سے منحرف نہ ہونے کی بھارتی قیمت ادا کر رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا کہ غیر ضروری تنقید اور پروپیگنڈہ صحافیوں اور صحافتی اداروں کیلئے سخت ٹکلیف کا باعث ہے۔