
کشمیری سیاسی رہنمائوںکی غیر قانونی نظربندی کو بلا جواز طول دیا جارہا ہے ،غلام محمد خان سوپوری
سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میںسینئر حریت رہنماء غلام محمد خان سوپوری نے کشمیری سیاسی نظربندوں کی غیر قانونی نظربندی کو بلا جواز طول دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں حریت قائدین کی غیر قانونی نظربندی کو بلاوجہ طول دینے کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میںپرامن سیاسی جدوجہد کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے کشمیری قوم کو ایک منصوبے کے تحت دیوارکے ساتھ لگایا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے ان ہتھکنڈوں کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے اور مقبوضہ علاقے میں افراتفری اور بے چینی بڑھے گی اور حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔
انہوںنے کہاکہ بھارتی پالیسی سازوں اور حکمرانوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ اپنی جارحانہ اور انتقامی پالیسیوں سے نہ صرف جموںو کشمیر بلکہ جنوبی ایشیاء میں بے اطمینانی اور بے چینی کے ماحول کو پروان چڑھا کر خطے کو تباہی وبربادی کی جانب دھکیل رہے ہیں ۔
خان سوپوری نے کہا ہے کہ نہ تو ماضی میں گرفتاریوں اورظلم وتشدد کے ذریعے کشمیری حریت پسند عوام کے عزم و حوصلے کو کمزور کیاجاسکا ہے اور نہ ہی مستقبل میں ان مظالم کے ذریعے کشمیریوںکو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا جاسکتا ہے۔ حریت رہنماء نے بھارت کے تمام ذی شعور اوردرد دل رکھنے والے افراد اور اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ بھارتی حکمرانوں کو جموںو کشمیر کے عوام کے خلاف ان جارحانہ اقدامات سے باز رکھ کر خطے کو تباہی وبربادی سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔