بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 3 معصوم شہری زخمی، پاک فوج کا جوان شہید

راولپنڈی: امن کا دشمن بھارت جارحیت سے باز نہ آیا، ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے سول آبادی کو نشانہ بنا دیا، جس میں 3 معصوم شہری زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے بیڈوری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین شہری زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کی جانب سے دشمن کی جارحیت پر موثر انداز میں جواب دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج کی بیڈوری سیکٹر پر فائرنگ سے پاک فوج کا جوان لیاقت شہید ہوا تھا۔ 39 سالہ حوالدار لیاقت کا تعلق چکوال سے ہے۔ دوسری جانب پاک فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی پر ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ کواڈ کاپٹر چکوٹھی سیکٹر میں 500 میٹر تک پاکستانی علاقے میں گھس آیا تھا۔ بھارتی فوج کا رواں سال گرایا جانے والا یہ گیارواں کواڈ کاپٹر ہے۔