‘این ڈی ایم اے کی کارکردگی سے کوئی بھی مطمئن نہیں’

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں نے کراچی سمیت ملک بھر میں انفراسٹرکچر کا پول کھول دیا ہے۔

لاہورسے جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کورونا اور سیلاب میں حکمرانوں کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے، حالیہ بارشوں میں 163 لوگ موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کئی روز سے گندے پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور خود کو لاوارث سمجھ رہاہے۔

 سراج الحق کا کہنا تھاکہ این ڈی ایم اے کی کارکردگی سے کوئی بھی مطمئن نہیں، حکومت بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگائے اورجن لوگوں کے مکانات گرے ہیں انہیں معاوضہ دے۔