کراچی کے مسائل مل کرحل کرنے ہوں گے : شاہد خاقان عباسی

کراچی : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل صرف وفاقی یا صوبائی حکومت کے نہیں ہے، ہم سب کومل کر انہیں حل کرنا ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے بے پناہ مسائل ہیں ، ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا کوئی فائدہ نہیں، جب بارش زیادہ ہوگی تو پانی بھی اکٹھا ہوگا ۔ پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام ہونا چاہیئے، کراچی میں سب سے زیادہ متاثر ڈیفنس کا علاقہ ہوا ہے، ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے  اس پر سیاست نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نوازخاموش تھی تو لوگوں کو اعتراض تھا، اب مریم نواز بول رہی ہے تو اس پر بھی اعتراض ہے۔
خیال رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں پی ایس او میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس  میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت پر سماعت میں آج سابق وزیراعظم سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، سندھ ہائیکورٹ نے نیب حکام اور نیب وکیل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبرتک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب کرلئے۔واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی  پر سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی غیر قانونی تقرری کا الزام ہے۔