پی ٹی اے کی یو ٹیوب کو غیراخلاقی اور فرقہ وارانہ مواد ہٹانے کی ہدایت

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیششن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یوٹیوب کو پاکستان میں‌ غیراخلاقی اور فرقہ وارانہ مواد فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کردی.

تفصیلات کے مطابق پی‌ ٹی اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پی ٹی اے نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یو ٹیوب سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں‌ غیراخلاقی، فحاشی اور عریانی پر مبنی مواد اور نفرت انگیزی پر مبنی تقاریر اور دیگر مواد کو فوری ہٹائے.

پی ٹی اے کی جانب سے یوٹیوب پر موجود نامناسب غیراخلاقی، فحش مواد کے انتہائی منفی اثرات کے پیش نظر اور نفرت انگیز تقاریر کی موجودگی کی بدولت یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں.

پی ٹی اے نے قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے اور اس طرح کا مواد اس پلیٹ فارم کے ذریعے پھیلانے سے روکنے کے لئے یوٹیوب سے رابطہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ یو ٹیوب کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مواد کی نگرانی کے لئے ایک مؤثر اور معتدل حکمت عملی اختیار کرے تاکہ پاکستان میں انتشار پھیلانے والے مواد تک رسائی کو روکنے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی مواد کا پتہ لگانے اور حذف کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا سکیں۔