عالمی فورموں پر تنازعہ کشمیر اجاگر کرنے پر پاکستان کی تعریف بھارت ایف اے ٹی ایف کی ساکھ کو تباہ کررہا ہے

سرینگر28جولائی ()غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کی کوششوں پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ آزادکشمیر کے عوام نے کشمیر کا مقدمہ بہتر انداز میں لڑنے پر پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کی ہے ۔انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں دس لاکھ فوجیوں کی طرف سے جاری بربریت اورنوآبادیاتی عمل کو آگے بڑھانے پر بھارت کے خلاف عالمی سطح پر سفارتی کوششیں مزید تیز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام نے ہمیشہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی مخلصانہ حمایت سے اپنی توقعات وابستہ رکھی ہیں ۔
ادھربھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے نادرگنڈ پیر باغ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کی۔انہوں نے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھرگھر تلاشی لی۔ بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں ایک نوجوان ساحل احمد کو گرفتار کرلیا۔
حال ہی میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایک نوجوان عمران ڈار کے اہلخانہ نے پولیس کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک عام شہری تھا اور بھارتی فوجیوں نے اسے اتوار کو ضلع کولگام کے علاقے موند میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ماورائے عدالت قتل کیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بڑی اور ان کی ہم نوا ریاستیں اپنی ہاں میں ہاں ملانے کے لئے فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو دیگر ممالک پر دباﺅ ڈالنے کی خاطر ایک سیاسی اور سفارتی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے حالیہ اعتراف کہ پاکستان کی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں بدستور موجودگی میں اس کا کردار ہے یہ ثابت کرتا ہے کہ نگراں ادارے نے بھارت کی طرفداری کی ہے۔ رپورٹ میں خبردارکیاگیا ہے کہ پاکستان کے خلاف اپنے حقیر سیاسی عزائم کے لئے ایف اے ٹی ایف جیسے عالمی فورموں کا استعمال کرتے ہوئے بھارت اس کی ساکھ کو تباہ کررہا ہے۔
ضلع کشتواڑ میں دچھن کے علاقے ہنجر میں بادل پھٹنے سے کم سے کم چھ افراد جاں بحق اور 19 دیگر لاپتہ جبکہ چھ رہائشی مکامات اور ایک راشن ڈپو تباہ ہوگئے ہیں۔ سرینگر کے علاقے نورباغ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں آٹھ رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے۔
ادھرکشمیریوں کو اقتصادی طور پر محتاج بنانے کی ایک کوشش کے طورپر بھارتی فوج کے حمایت یافتہ نامعلوم افرادنے ضلع کپوارہ میں سیب کے درختوں کو کاٹنا شروع کر دیا ہے۔ ایسے ہی ایک تازہ ترین واقعے میں سوگام کے علاقے میں محمد رفیق شیخ کا باغ آج صبح کٹا ہوا پایاگیا۔
برلن میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے منعقدہ اپنی نوعیت کی پہلی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی ڈپٹی سفیر سارہ خان سمیت مقررین نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے سے کشمیر کی آزادی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔