اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے مشاورت کرکے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بات ہوئی، اُن کی بات سنی اور انہوں ہماری بات سنی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  مکمل اتفاق ہےکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی جماعتوں کو اکٹھا کرکے مشاورت کو آگے بڑھائیں، اپوزیشن کی اے پی سی بھی ہوگی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پہلے اپوزیشن کی چھوٹی جماعتوں میں مشاورت ہوگی  پھر مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی سے رابطہ کیا جائے گا، تقسیم اور یکسوئی کا فقدان پاکستان اور عوام کےلیے مفید نہیں، تحفظات اور شکایتیں دور کرکے مشترکہ اور مستحکم حکمت عملی بنانا ہوگی۔