ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کا چوتھا روز، پاکستان کی دوسری اننگز جاری

ساؤتھمپٹن:  میزبان انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز گرین شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستان کو اننگز کی شکست کا خطرہ درپیش ہے۔

پاکستانی اوپنرز آج میدان میں اترے تو شان مسعود اور عابد علی نے اچھے رن ریٹ مگر محتاط بیٹنگ سے کھیل کا آغاز کیا، عابد نے ایک چوکے کی مدد سے 13 ویں اوور کے اختتام تک 18 اور شان مسعود نے بھی 4 رنز کی ایک باونڈری کے ساتھ 10 رنز بنائے تھے۔

ساؤتھمپٹن میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔ پوری ٹیم نے 93 اوورز کا سامنا کیا اور صرف 273 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 272 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 چوکوں کی مدد سے 141 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی کپتان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ تاہم وکٹ کیپر محمد رضوان نے بھی زور آزمائی دکھائی اور اپنی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے صرف 56 رنز دے کر پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے علاوہ براڈ کے حصے میں دو جبکہ ووکس اور ڈی ایم بیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ انگلینڈ کو پاکستان پر 310 رنز کی برتری ہے۔ دوسری اننگز میں پاکستان کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرتے ہوئے کپتان اظہر علی اوپننگ کے لیے میدان میں آئے تاہم کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کر دیا گیا تھا۔