یاسر شاہ رنگے ہاتھوں’پکڑے‘ گئے، ویڈیو وائرل

لیگ سپنر نے باﺅلنگ کراتے ہوئےغیر ارادی طور پر ہاتھ پر تھوک لگا لیا،احساس ہوتے ہی پتلون سے صاف کیا

ساﺅتھمپٹن  پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے باﺅلنگ کراتے ہوئے غیر ارادی طور پر ہاتھ پر تھوک لگا لیا اور ان لمحات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈوم سبلی کو آئوٹ کرنے کے بعد نئے بلے باز جو روٹ کا انتظار کرنے کے دوران  گیند پر تھوک لگانے سے پہلے یاسر شاہ کو فوراً ہی احساس ہوا تو ہاتھ پتلون سے صاف کر لیا،

یاسر شاہ نے تو تھوک لگا کر ہاتھ صاف کرلیا لیکن کیمرے سب کچھ دیکھا لیا، کورونا کے پیش نظر گیند پر تھوک لگانا ممنوع ہے۔اس سے قبل کورونا وبا کے دوران نئے قوانین نافذ ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں گیند کو تھوک لگانے کا پہلا واقعہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹیسٹ میچ میں پیش آیا تھا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف مانچسٹر میں ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم کے اوپنر ڈومینک سبلی نے غلطی سے بال کو تھوک لگا دی تھی۔ آن فیلڈ امپائرز نے بال کا معائنہ کر کے بال کو ڈس انفیکٹ کیا اور فیلڈنگ سائیڈ کو گیند دیدی، نئے اصولوں کے مطابق بال پرتھوک لگانے پر امپائر دو وارننگ کے بعد ٹیم پر 5 رنز کی پینلٹی لگاسکتا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے احتیاطی تدابیر کے تحت گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کر رکھا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو امپائر صورتحال کے مطابق کچھ نرمی کریں گے اور ٹیم کو وارننگ دیں گے۔ امپائرز کی جانب سے فی اننگز میں ٹیم کو دو وارننگ دی جائیں گے جس کے بعد مسلسل اس عمل کو دہرانے پر بیٹنگ سائیڈ کو 5 رنز دیدئیے جائیں گے جبکہ باﺅلنگ سے قبل کھلاڑی کو گیند پر لگی تھوک صاف کرنے کا پابند کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ٹیسٹ میچ کے دوران کسی کھلاڑی میں کورونا علامات ظاہر ہونے پر ٹیم کو متبادل پلیئر شامل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کیلئے میچ ریفری سے منظوری ضروری ہو گی جبکہ متبادل کھلاڑی کے حوالے سے منظورہ شدہ نیا اصول ون ڈے اور ٹی 20 کیلئے نہیں ہوگا۔