واشنگٹن میں کشمیر پر ویبنار، امریکی افواج کے کرنل ویزلے مارٹن کی شرکت

واشنگٹن: امریکا میں ‘کشمیر پر بھارتی قبضہ انسانیت کے ضمیر پر بوجھ’ کے عنوان سے ایک اہم ویبنار (انٹرنیٹ کے ذریعے سیمینار) کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی افواج کے کرنل (ر) ویزلے مارٹن بھی شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ویبنار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکریٹری جنرل ورلڈ کشمیر آگاہی فورم، ایم پی اے لیبر پارٹی یو کے اور انسانی حقوق کارکن ہیلینا سیجلٹ سمیت اہم افراد نے شرکت کی۔

ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان اسد مجید نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست کا اقدام کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے، لیکن شہادتیں، گرفتاریاں، میڈیا کریک ڈاؤن کشمیریوں کی مزاحمت کو کم نہیں کر پائیں گے، انھوں نے کہا 5 اگست کے بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

امریکی کانگریس مین کا اپنے حلقے کے کشمیری ووٹرز سے متعلق اہم بیان

ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ویبنار سے خطاب میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اکثریت سے اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انسانی حقوق کارکن ہیلینا سیجلٹ نے کہا کہ 5 اگست یوم سوگ ہے، یہ دن بھارتی افواج کی کشمیریوں پر ظلم و تشدد کی یاد دلاتا ہے، 5 اگست بھارتی مظالم سے منسلک عالمی میڈیا کی خاموشی کی بھی یاد دلاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کے یک طرفہ ظالمانہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج ”یوم استحصال“ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں آج پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اور دنیا بھر میں مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیا جائے گا۔