ڈاکٹر سہیل سلیم نے شاہین کی ری ہیب کے طریقہ کار پر سوال اٹھادیے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میڈیکل پینل کے سابق سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے شاہین شاہ آفریدی کی ری ہیب کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دیے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ نوجوان پیسر بہت دلیر اور مضبوطی قوت ارادی کے مالک ہیں، مجھے علاج کی نوعیت کے بارے میں زیادہ علم نہیں تاہم وہ کہنی کی انجری کے بعد بہت زبردست طریقے سے کم بیک کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ شاہین شاہ کے معاملے میں شاید فزیو کلف ڈیکن کی بات کو زیادہ اہمیت نہیں دی گئی۔

ڈاکٹر سہیل نے کہا کہ کلف ڈیکن بہت قابل اور تجربہ کار فزیو ہیں، وہ خود بھی بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر رہے ہیں اس لیے وہ شاہین کی انجری کو زیادہ بہتر طریقے سے پرکھ سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حالات اتنے بھی ْبرے نہیں جتنا بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، اگر کہیں ضروری ہے تو کھلاڑیوں کو باہر ضرور بھجیں لیکن ہہاں موجود ماہرین سے پہلے رجوع کرکے پھر ایک طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر سہیل سلیم نے اعتراف کیا کہ کرکٹرز ڈراپ ہونے کے ڈر سے بعض اوقات انجریز چھپاتے بھی رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ شاہین ری ہیب کے بعد پہلے کی طرح موثر ثابت ہوں گے یا نہیں، فی الحال کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی۔