پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج ہوگا

مانچسٹر : پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈگراؤنڈ میں شروع ہوگا۔

پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر تین بجے میچ کا آغاز ہوگا ۔  قومی کرکٹرز نے مقابلے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں  جبکہ  قومی ٹیم کے  کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے ۔ فائنل 16 میں شان مسعود،عابدعلی، اظہرعلی (کپتان) ، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فواد عالم ، سرفراز احمدشاداب خان، امام الحق ، کاشف بھٹی ، سہیل خان ، یاسرشاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمدعباس اور نسیم شاہ شامل ہونگے۔
اظہر علی کو نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی محمد عباس اور سہیل خان سے بہت امیدیں ہیں ۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے سیریز کی تیاری کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا  تھا کہ تمام تیاری مکمل ہیں جس کا عملی مظاہرہ ٹیسٹ میچ میں دیکھنے کو ملے گا۔ رزلٹ حاصل کرنے کیلئے میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو جلد آوٹ کر کے ایک اچھا آغاز فراہم کرنا ہوگا۔ میری کارکردگی میں تسلسل نہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ پرفارمنس میں تسلسل آئے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پانچ اگست سے شروع ہو گا۔تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 14 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے والے اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم میں جو رووٹ کپتان، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، ڈومنیک بیس، اسٹورٹ براڈ اور روری برنز شامل ہیں۔ زیک کراولی، سیم کرن، اولی پاپ، ڈوم سیبلی، بین اسٹوکس، کرس ووکس اور جو بٹلر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔