بھارت یقینی بنائےکہ رافیل طیارے سرحد پار نہ کریں ورنہ ملبے کا ڈھیر بن جائیں گے: ڈینس فریڈمین

فرانس سے خریدے گئے رافیل جنگی طیاروں کی 5 جہازوں پر مشتمل پہلی کھیپ نے گزشتہ روز انبالیہ ایئربیس پر لینڈ کیا

لاہور  آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین نے گزشتہ روز بھارتی فضائیہ میں شمولیت اختیار کرنے والے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کے حوالے سے مفید مشورہ دیدیا- بھارت میں فرانس سے خریدے گئے رافیل جنگی طیاروں کی 5 جہازوں پر مشتمل پہلی کھیپ نے گزشتہ روز انبالیہ ایئربیس پر لینڈ کیا جس پر سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’بڑے پرندے یہاں پہنچ گئے ہیں‘‘۔

ان کے اس ٹویٹ کے جواب میں ڈینس فریڈمین نے ٹویٹ کیا کہ’’ بس اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ سرحدی لائن کو عبور نہ کریں ورنہ وہ جادوئی طور پر بڑے دھات کے سکریپ ڈھیروں میں تبدیل ہوجائیں گے‘‘-

بھارت اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے مذاکرات کا آغاز 2012ء میں ہوا تھا جو دو سال تک معطل رہا تھا تاہم 2014ء میں مودی نے حکومت سنبھالنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کردیا تھا۔
ستمبر 2016ء میں دونوں ممالک نے 8 ارب 80 کروڑ ڈالر کا مہنگا معاہدہ کیا تھا جس میں 36 رافیل طیاروں کی خریداری کے لیے دستخط کیے گئے تھے جو طیاروں کی خریداری کا سب سے مہنگا معاہدہ تھا۔ دوسری جانب کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 36 طیاروں کی خریداری کے لیے 10 اپریل 2015ء کو جب فرانس کا دورہ کیا تو انیل امبانی بھی ان کے ساتھ تھے۔

via urdupoint news