ڈیرن سیمی نے انگلش کرکٹ بورڈ سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے 4ارب روپے سے زائد کی رقم مانگ لی

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریزسے انگلش کرکٹ بورڈ کو 60 ارب 33 کروڑ 17 لاکھ 25 ہزار کا فائدہ ہوا،انگلش کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈین ٹیم کو 4 ارب30 کروڑ 87 لاکھ 93 ہزار روپے دینے چاہیے: سابق کپتان

لندن  ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انگلش کرکٹ بورڈ کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچا دیا ، ڈیرن سیمی نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی کوششوں پر چار ارب روپے سے زائد رقم ٹیم کو دینے کا مطالبہ کردیا ۔اس سیز ن انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرکٹ سیریز کے باعث انگلش کرکٹ بورڈ کو 60 ارب 33 کروڑ 17 لاکھ 25 ہزار کا فائدہ ہوا ۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ایک ایسے وقت میں دورہ انگلینڈ کیا جب برطانیہ میں کورونا کے باعث اموات کی شرح بہت زیادہ ہے ۔اس پر ڈیرن سیمی نے کہا کہ’’ دیکھتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کی کوششوں کو نظر انداز تو نہیں کیا جاتا،انگلش کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 4 ارب30 کروڑ 87 لاکھ 93 ہزار روپے دینے چاہیئے‘‘۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آخری اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 269 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی، کالی آندھی 399 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے پانچویں روز اپنی دوسری اننگز میں 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ووکس اور براڈ کی برق رفتار گیندوں کے سامنے ویسٹ انڈین ٹیم بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، ووکس نے 5 اور براڈ نے 4 وکٹیں لیں، براڈ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
مانچسٹر ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 10 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر دوسری نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 389 رنز کا مشکل ہدف درکار تھا، ووکس اور براڈ نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں اڑا دیں اور پوری ٹیم 129 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اسطرح انگلینڈ نے 269 رنز سے کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی، دونوں بائولرز کے سامنے ویسٹ انڈین بلے باز مکمل طور پر بے بس نظر آئے اور صرف چار کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کر سکے، کریگ بریتھویٹ 19، کیمپبیل صفر، کیمر روچ 4، شائی ہوپ 31، بروکس 22، روسٹن چیس 7، بلیک ووڈ 23، کپتان جیسن ہولڈر 12، ڈورچ 8 اور کورنوال 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ووکس نے 5 اور براڈ نے 4 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔

via urdupoint news