سیدعلی گیلانی کی طرف سے 5اگست کو مکمل ہڑتال کی اپیل

مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی نے 5اگست کو مکمل ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کشمیری عوام سے اس دن کویوم آگہی کے طورپرمنانے کی اپیل کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے کشمیری عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ 5اگست کو برصغیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طورپر یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے واضح کیاکہ جس طرح بھارت کی فسطائی حکومت نے بے شرمی سے مقبوضہ جموں وکشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارت میں ضم کردیا ہے اس سے بھارت کے چہرے سے مکر و فریب کا نقاب اتر گیا ہے ۔
سیدعلی گیلانی نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر کی پوری آبادی کو کئی ماہ سے مسلسل گھروں میں محصور کر کے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو ایک بڑا انسانی المیہ قراردیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت آبادی کا تناسب بگاڑنے اور جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی فسطائی حکومت نے کورونا وائرس کی آڑ میں لاک ڈاؤن کے نام پرکشمیر میں اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
ادھربھارتی فوج نے چھاپوں کے دوران 8نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ 5نوجوانوں کو ضلع بڈگام سے جبکہ 3نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ سے گرفتار کیا گیا۔بھارتی فوجیوں نے مقامی لوگوں کی املاک اور قیمتی اشیاء کو بھی نقصان پہنچایا۔
بھارتی قابض انتظامیہ نے کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے نام پر مقبوضہ علاقے میں عیدا الاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق بھارت میں مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کیلئے یکے بعد دیگرے ظالمانہ اقدامات کررہی ہے ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ نئے ڈومیسائل قانون کا اجراء ، حلقہ بندیاں، اور مقامی لوگوں کو نوکریوں سے محروم کیاجانا وہ بعض ہتھکنڈے ہیں جو بھارت غیر کشمیری ہندوؤں کو کشمیرمیں آباد کرنے کیلئے استعمال کر رہا ہے ۔

via ptv news