کشمیر جرنلسٹ فورم کے راولپنڈی دفتر میں لائبریری کا افتتاح کردیا گیا

راولپنڈی (سٹیٹ ویوز)کشمیر جرنلسٹس فورم کے مرکزی دفتر میں لائبریری کا قیام کردیا گیا، سینئر صحافی سلطان سکندر نے پیر کے دن لائبریری کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاح سے قبل فورم کے ان ممبران کے عزیز و اقارب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جن کے لواحقین گزشتہ چند ماہ میں انتقال کر گئے تھے.

لائبریری کے افتتاح کی تقریب میں فورم کے سینئر ممبران صدر اے کے این ایس سردار زاہد تبسم، ممبران پریس فائونڈیشن امجد چوہدری، شہزاد راٹھور اور سینئر صحافیوں اعجاز عباسی، راجہ بشیر عثمانی، خاور نواز راجہ، راجہ افسر، خواجہ کاشف میر، رشید ارشد، احمد لطیف ڈار، آصف شبیر سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی خواجہ عمران الحق کے علاوہ فورم کے عہدیداروں صدر زاہد عباسی ، سیکرٹری جنرل عقیل انجم، نائب صدر عرفان سدوزئی، سیکرٹری مالیات راجہ ماجد افسر، سیکرٹری اطلاعات اقبال اعوان و دیگر نے شرکت کی۔

سینئر صحافی سلطان سکندر نے لائبریری کے لئے 100 کتب عطیہ کیں، اس موقع پر سلطان سکندر نے اپنی صحافتی خدمات اور اہم واقعات بارے فورم ارکین کو تفصیلات سے آگاہ کیا.