ترک بحری افواج کے چیف آف اسٹاف کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد، ۳ اگست ۲۰۲۴: ترک بحریہ کے وفد نے چیف آف اسٹاف ترکش نیول فورسز وائس ایڈمرل ابراہیم اوزدیم کی سربراہی میں چھٹی پاک بحریہ ترک بحریہ کے ماہرین کی سطح کے اسٹاف مذاکرات کے لیے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر معزز مہمان کا استقبال پاک بحریہ کے وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کیا۔
بعد ازاں ترک چیف آف اسٹاف نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ترک ایڈمرل نے پاک بحریہ کے مختلف اقدامات بشمول کمبائنڈ ٹاسک فورسز 150 اور 151 میں شرکت، "امن” مشق کے انعقاد اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول (RMSP) کے ذریعے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے تعاون کو سراہا۔
اسٹاف مذاکرات کے دوران آپریشنز، تربیت اور تکنیکی شعبوں سے متعلق وسیع امور زیر بحث آئے۔ دورہ کرنے والے وفد نے مضبوط دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور تعاون کے مزید مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کی بحری افواج مختلف شعبوں میں تعاون کرتی ہیں جن میں مختلف جہازوں اور سسٹمز کی تعمیر اور اپ گریڈیشن شامل ہے۔