نوازشریف ترقی کے نئے ویژن، نئے ایجنڈے کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں ، حنیف عباسی

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سابق معاون خصوصی حنیف عباسی کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پاکستان کی ترقی کے ایک نئے ویژن اور نئے ایجنڈے کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں ان کے بھرپور استقبال کی تیاریاں جاری ہیں ، راولپنڈی کو ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کا گڑھ بنائینگے ۔ رات کے اندھیرے میں نواز شریف کی تصاویرخراب کرنے والے یہ کام دن کے اجالے میں کرکے دکھائیں ۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن اور ڈیلی جناح سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ حنیف عباسی کا کہناتھا کہ نواز شریف اکیس اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ان کی واپسی کاباقاعدہ اعلان صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کرچکے ہیں اور ملک بھر میں لاکھوں عوام ان کا وطن واپسی پر بھرپور استقبال کرینگے ۔

راولپنڈی اسلام آباد بھی ان کے استقبال میں کوئی کثر نہیں چھوڑے گا صرف راولپنڈی سے سو بسوں اور سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ہزاروں کی تعداد میں کارکن ایک قافلے کی صورت میں اکیس اکتوبر کی صبح دس بجے بذریعے موٹروے لاہور روانہ ہونگے ہمیں کارکنوں کو لانے کیلئے جو ہدف دیا گیاتھا ہم نے اس سے کہیں زیادہ کارکنوں کو جمع کیا ہے جو ہمارے ساتھ جائینگے ۔


ان کا کہنا تھا کہ پورا مری روڈ نواز شریف کے استقبالیہ پوسٹرز اور پلے کارڈز سے سجایا جارہا ہے ہم ایک مرتبہ پھر راولپنڈی کو مسلم لیگ (ن) کا گڑھ بنائینگے اور ماضی میں تحریک انصاف نے ساڑھے چار سال میں اس شہر کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا ہم دوبارہ اقتدار میں آکر سب سے پہلے پنڈی شہر کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ تیزی سے مکمل کرینگے ۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ صرف نواز شریف وطن واپس نہیں آرہا بلکہ وہ اپنے ساتھ ترقی ،خوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کا ویژن ساتھ لارہا ہے جہاں سے ترقی جمود کا شکار ہوئی تھی نواز شریف کی واپسی کے بعد وہی سے ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا راولپنڈی کے عوام اپنے قائد کے استقبال کیلئے پرجوش ہیں ۔


انہوں نے کہا کہ خواتین بھی کسی صورت پیچھے نہیں ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ خواتین بھی اکیس اکتوبر کو ہمارے ساتھ مینار پاکستان جائینگی ۔ ہر حلقے میں ڈیوٹیز لگادی گئیں ہیں کہ کون کتنے کارکن لے کر جائیگا اور قیادت بھی خود بسوں میں ان کے ساتھ سفر کرے گی اور سب کا ڈیٹا بھی موجود ہوگا تاکہ کسی کوکوئی شک نہ رہے