
یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد13جولائی ( )
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام 13جولائی 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
مظاہرے کی قیادت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی ۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے 13جولائی 1931کے شہداء کوشاندار خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے ڈوگرہ سامراج کی شخصی حکومت کے خلاف اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیاتھا۔ انہوں نے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے تک جدوجہد آزاد ی کشمیر جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ 13جولائی 1931کو جموں وکشمیرکی تاریخ میں ایک اہم سنگھ میل کی حیثیت حاصل ہے اور اس کے بعد جموں وکشمیر میں آزادی کی خاطر جتنے بھی کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاوہ 13جولائی 1931کے شہداء کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہاکہ 13 جولائی1931کے شہداء کی روشن کی ہوئی شمع حریت کو روشن رکھاجائیگا اور بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔ مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر جاری سنگین پامالیوں اور کالے قوانین کے نفاذ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں حقوق انسانی کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ انہوں نے کہاکہ 1931 کے شہداء نے کشمیری قوم کو آزادی کی راہ دکھائی اوران کے مشن کی تکمیل کیلئے اب تک لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ اس موقع پر جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔ مقررین نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے تاہم کشمیری عوام بھارت کے کسی بھی ظالمانہ ہتھکنڈے سے مرعوب نہیں ہوں گے اور بلا جواز گرفتاریوں ، ماورائے عدالت قتل اور ظلم وتشددسے کشمیریوں کے جذ بہ حریت کود با بانہیں جاسکتا ہے بلکہ ان ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جذبہ حریت مذید مصمم اور مضبوط ہو گا ۔ حریت قائدین نے کہاکہ کشمیریوںکی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات میں ہی مضمر ہے ۔ اس موقع پر عالمی برادری سے پر زور اپیل کی گئی کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے بھارتی افواج کے ہاتھوں گزشتہ دنوں شہید ہونے والے بے گناہ کشمیریوں کو بھی شاندار خراج عقید ت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے عوامی جد و جہد جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے بھارت کے تمام ترظالمانہ اقدامات کومستر د کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے سے باز رہے ۔ مظاہرے کے اختتام پر شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔مظاہرے کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے جموں و کشمیر لبریشن کمیشن حکومت آزاد جموں و کشمیر کے تعاون سے کیاتھا۔
مظاہرے میں غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، محمد فاروق رحمانی، الطاف احمد بٹ ،خان افسر خان، فہیم کیانی میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین،امتیاز وانی، نجیب اللہ،نثار مرزا، شیخ محمد یعقوب، ایڈووکیٹ پرویز احمد، زاہد صفی، ایڈوکیٹ نبیلہ ارشاد، مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالماجد، عبدالمجید، گلشن احمد، میاں مظفر، ، محمد شفیع ڈار، دائود خان یوسفزئی، منظور احمد ڈار، عدیل مشتاق وانی، محمد اشرف ڈار، اشفاق بلوال،کفایت حسین رضوی, خورشید احمد میر پیرزادہ افسر خان، نظیر احمد کرنا، شوکت احمد بٹ ،راجہ زرین۔ منظور احمد شاہ, فرید خان, سمیر خان, خالدشبیر , سلیم ہارون ،رئیس میر اور دیگر نے شرکت کی۔