
آزاد جموں و کشمیر کے صدرکی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی اپیل
اسلام آباد15مئی(کے پی این) آزاد جموں و کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سکاٹ لینڈ میں مقیم کشمیریوں اورپاکستانیوں کو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف مبذول کرانی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گلاسگو کے ڈپٹی میئر حنیف راجہ سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری خونریزی اور مظالم کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اٹھائیں اور عالمی برادری خصوصا سکاٹ لینڈحکومت کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرائیں۔ انہوںنے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں کشمیریوں کے حق میں رائے عامہ کو متحرک کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکاٹش حکومت میں پاکستانی نژاد سینئر وزیر انس سرور اور حمزہ یوسف جیسے ارکان پارلیمنٹ کی موجودگی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور سکاٹش پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔صدر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور پارلیمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور حد بندی کی آڑ میں کشمیر کے پورے سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنا ایک اور سازش ہے جس کا مقصد ریاست میں ہندو وزیر اعلیٰ مسلط کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی صورتحال میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ بیرون ملک مقیم کشمیری اورپاکستانی خطے میں بھارت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔