حریت رہنمائوں، کارکنوں کے گھروں پر شبانہ چھاپوں کی مذمت

سرینگر14مئی(کےپی این) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند رہنمائوں اورکارکنوں کے گھروںپررات کے دوران چھاپوں کے ذریعے خوف ودہشت کا ماحول پیدا کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں سید اعجاز رحمانی، مشتاق احمد بٹ، شیخ یعقوب، زاہد اشرف اور منظور احمد شاہ نے اسلام آباد میں اپنے الگ الگ بیانات میں چھاپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال کا نوٹس لے۔ انہوں نے رات کے دوان چھاپوں اور عبدالرشید ملہ سمیت بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں گرفتاریوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی تحریک آزادی کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے۔