ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سردار سکندر حیات خان کے انتقال پراظہار تعزیت کا سلسلہ جاری

سرینگر 11 اکتوبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جموںو کشمیر پیپلز موومنٹ اور جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ نے معروف پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستان کو ایٹمی ریاست بنانے میں ڈاکٹر اے کیو خان کے بے مثال اور ناقابل فراموش کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عبدالقدیر خان ان اہم جوہری سائنسدانوں میں شامل تھے جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ترجمان نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار سکندر حیات خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے پرجوش حامی تھے۔جموں کشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں سردار سکندر حیات کے انتقال پراظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے عظیم علمبردارتھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ پیرپنجال خطے کے لوگ سردار سکندر حیات خان کے مرحوم والد سردار فتح محمد کریلوی کے سیاسی خاندان سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان شفیق الرحمن نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنانے میں ڈاکٹر اے کیو خان کے شاندار کردارکی تعریف کی۔ انہوں نے سابق صدر سردار سکندر حیات خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ترجمان نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے مرحومین کے لئے مغفرت کی دعا کی۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس میںپاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اے کیو خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔شرکاءنے آزادکشمیر کے سابق صدر ووزیر اعظم کی حیثیت سے سردار سکندر حیات خان کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کی صدار ت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینرمحمد فاروق رحمانی نے کی۔