کور کمانڈر کانفرنس ،گید ڑ بھبھکیاں لگانے والی مودی سرکار کو پاک فوج نے واضح جواب دے دیا

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں خطے کی سیکیورٹی اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیا نات سے خطے پر منفی اثرات کا جائز ہ لیا جبکہ مستقبل امن کے لیے آپریشن رد الفساد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔کور کمانڈرز نے عزم ظاہر کیاکہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کشمیریوں کی حق خود ارادیت کو نہیں دبا سکتا ،کشمیریوں کی جد و جہد کامیاب ہو گی ۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے بھارتی قابض فوج نہیں روک سکتی ،کشمیر اپنا حق ضرور لیں گے ۔