تمغۂ امتیاز کیلئے مہوش کا نام میں نے تجویز کیا تھا، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے معروف اداکارہ مہوش حیات کو تمغۂ امتیاز دینے کے لیے اُن کا نام تجویز کیا تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے  میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کے دوران اپنے سیاسی کیرئیر، پاکستانی میڈیا اور نوجوانوں کے لیے اپنے اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔

اِسی گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے اِس بات کا انکشاف بھی کیا کہ اُنہوں نے مہوش حیات کا نام تمغہ امتیاز کے لیے تجویز کیا تھا۔

پروگرام کے میزبان سہیل وڑائچ نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ آپ کس طرح کی موسیقی سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور آپ کو کون سی اداکارہ پسند ہے؟

فواد چوہدری نے کہا کہ ’وہ استاد نصرت فتح علی خان کی موسیقی سے لطف انداز ہوتے ہیں۔‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ’اُن کو صوفی کلام اور قوالی بہت پسند ہے۔‘

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ’اُن کی پسندیدہ اداکارہ مہوش حیات ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں مہوش حیات سے پہلے کبھی نہیں ملا تھا لیکن جب تمغہ امتیاز کے لیے بہترین اداکارہ کا نام تجویز کرنے کی بات آئی تھی تو میں نے ان کا نام تمغہ امتیاز کے لیے تجویز کیا تھا جس کی وجہ  ان کا فلموں میں اداکاری اور کام دیگر دوسری اداکارؤں سے بہت اچھا ہونا ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں ایک بڑی عجیب بات ہے کہ ایوارڈز کے لیے لوگ اتنی سفارشیں کرواتے ہیں جس کی کوئی حد نہیں۔‘

فواد چوہدری کی اِس بات پر میزبان سہیل وڑائچ نے اُن سے سوال کیا کہ ’کیا مہوش حیات کا نام تمغہ امتیاز کے لیے تجویز کرنے کے لیے آپ سے سفارش کروائی گئی تھی؟‘

میزبان کے اِس سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’نہیں میں ایوارڈز کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہوں اور میں نے کہا تھا کہ ایوارڈ صرف اُن کو ہی ملنا چاہیے جو اپنے شعبوں کے ٹاپرز ہیں۔‘

واضح رہے کہ اداکارہ مہوش حیات کو گزشتہ سال تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔