مقبوضہ کشمیر :امیر حمزہ شاہ تحریک حریت جموں وکشمیر کے نئے چیئرمین منتخب

سرینگر11فروری () بھارت کے شہر آگرہ کی جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء امیر حمزہ شاہ کو تحریک حریت جموںو کشمیر کا نیا چیئرمین منتخب کیاگیا ہے ۔
گزشتہ سال مئی میں محمد اشرف صحرائی کی دوران حراست شہادت کے بعدسے امیر حمزہ تحریک حریت کے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے تنظیمی امور سرانجام دے رہے تھے۔تحریک حریت کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پارٹی کے مستقل چیئرمین کی تقرری پر تفصیلی غورو خوص کے بعدمتفقہ طورپر امیرحمزہ شاہ کوتحریک حریت کانیا چیئرمین منتخب کیاگیا۔پارٹی کے ارکان نے امیر حمزہ کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اس سے قبل امیر حمزہ شاہ تحریک حریت کے ضلعی صدر بانڈی پورہ اوربارہمولہ کے علاوہ جنرل سیکرٹری اورپارٹی کے قائمقام چیئرمین کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس دوران قابض انتظامیہ نے انہیں متعدد بار جیلوں اور پولیس اسٹیشنوں میں غیر قانونی طورپر نظربند رکھا ۔ 5اگست2019کے بعدگزشتہ سال ستمبر میں امیر حمزہ کو چند دنوں کیلئے رہا کیاگیاتھا تاہم انہیں ایک بار پھر غیر قانونی طورپر نظربند کردیاگیا اس وقت آ گرہ کی جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنما غلام محمد صفی نے امیر حمزہ شاہ کی تحریک حریت کے چیئرمین کے طورپر تقرری کاخیرمقدم کیا ہے ۔