برطانوی وزیراعظم پر سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ

لندن: برطانوی پولیس نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم رشی سوناک کو 100 پاؤنڈ جرمانے کا نوٹس بھیج دیا۔  

برطانوی میڈیا کے مطابق قانون کے تحت وزیراعظم رشی سوناک کو 100 پاؤنڈز جرمانہ 28 دن کے اندر اندر ادا کرنا ہوں گے۔ اگر وہ اس میعاد میں جرمانہ ادا نہیں کرتے تو معاملہ کورٹ جائے گا جہاں جرمانہ بڑھ کر 500 پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے۔

لنکا شائر پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی مکمل جانچ پڑتال سے ثابت ہوگیا ہے کہ 42 سالہ رشی سوناک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسٹر رشی سوناک نے اپنی غفلت اور لاپرواہی کو تسلیم بھی کیا ہے جس پر پولیس کی جانب سے انھیں 100 پاؤنڈ جرمانے کا چالان بھیج دیا گیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وزیر اعظم رشی سوناک کو گاڑی میں سفر کے دوران بغیر سیٹ بیلٹ باندھے ایک بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم بورس جانسن کو سال گرہ کی تقریب میں کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی پر معافی نہ مانگنے سے اُٹھنے والے تنازعے کے نتیجے میں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔