شاعر مشرق علامہ اقبال کو شاندار خراج عقیدت

سرینگر 09نومبر () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو انکے یوم ولادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں محمد خان سوپوری،ڈاکٹر معصب اورجموں وکشمیر مسلم لیگ نے سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں کہاہے کہ علامہ اقبال نے ڈوگرہ سامراج کے خلاف کشمیری مسلمانوں کی جدو جہد کی ہمیشہ بھر پور حمایت کی اور اپنی شاعری کے ذریعے کشمیریوں میںجذبہ آزادی کی روح پھونکی۔انہوں نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جس وطن کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا ،ریاست جموں و کشمیر اس کا لازمی حصہ تھی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جد وجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی جد وجہد میں کامیاب ہونگے اور ریاست جموںو کشمیر کا الحاق مملکت خداداد پاکستان سے ہوگا۔