سید علی گیلانی کی دوران حراست شہادت پر حریت کانفرنس کا ایک او راحتجاجی کیلنڈر جاری 8ستمبر کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی طرف مارچ ،9ستمبرکو لال چوک میںآزادی ریلی نکالیں گے ،10ستمبر کو سیدعلی گیلانی کی قبر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس

سری نگر()کل جماعتی حریت کانفرنس نے قائد تحریک آزادی کشمیرسید علی گیلانی کی دوران حراست شہادت پر ایک او راحتجاجی کیلنڈر جاری کیا ہے ، احتجاجی کیلنڈر کے مطابق کشمیری عوام 8ستمبر کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی طرف مارچ کریں گے،9ستمبرکو لال چوک میں جمع ہو کرآزادی کے حق میں ریلی نکالیں گے،10ستمبر کو سیدعلی گیلانی کی قبر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس  نے کہا ہے کہ  احتجاجی کیلنڈر کا آغاز سوپور ، اسلام آباد اور سرینگر کی طرف مارچ سے ہو رہا ہے ۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شمالی ،جنوبی اور وسطی کشمیر کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ پلے کارڈز اور بینرز جن پر آزادی کے حق میں نعرے درج ہو ہاتھوں میں اٹھا کر بالترتیب آج سوپور ، اسلام آباد اور سرینگر کی طرف مارچ کریں۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کل بروز بدھ کو اپنے متعلقہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی طرف مارچ کریں اور پرامن احتجاج اور شہدا کی بلندی کیلئے دعا کریں۔ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری خواتین بھی اپنے متعلقہ علاقوں، دیہات اور چوکوں میں آزادی کیلئے اجتماعات منعقد کریں گی۔9ستمبر بروز جمعرات کو لوگ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ذریعے لال چوک میں جمع ہو کرآزادی کے حق میں ریلی نکالیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگ پاکستان میں مزار قائد اور مزار اقبال کی طرف مارچ کریں گے اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی حمایت کااعادہ کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ 10ستمبر بروز جمعہ کو تجدید عہد کیلئے بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کی قبر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔ جامع مسجد حیدر پورہ میںنماز جمعہ اداکی جائے گی اور لوگ حیدر پورہ کی طرف مارچ کریں گے جبکہ حیدر پورہ کے لوگ اس سلسلے میں ضروری انتظامات کریں گے ۔ ترجمان نے بیرون ملک مقیم کشمیریوںپر زوردیا کہ وہ احتجاجی پروگراموں کے بارے میں میڈیا کے ذریعے لوگوںمیں آگہی پید ا کریں۔