اسلام آباد، آزاد کشمیر میں الطاف احمد شاہ کی غائبانہ نماز جنازہ

اسلام آباد12اکتوبر() آج اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما الطاف احمد شاہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام غائبانہ نماز جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظفر آباد ، کوٹلی اورآزادجموں و کشمیر کے دیگر شہروں میں بھی الطاف احمد شاہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ مقررین نے ان اجتماعات سے خطاب کرتے ہو ئے تحریک آزادی کشمیر میں شہید رہنما کی خدمات اور قربانیوں پرانہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔الطاف احمد شاہ بھارتی قید کے دوران نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں انتقال کرگئے جہاں انہیں گردوں کے آخری مرحلے کے سرطان کی تشخیص کے بعد تہاڑ جیل سے منتقل کیا گیاتھا۔ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پرجولائی 2017میں گرفتاری کے بعد تہاڑ جیل میں نظر بندتھے۔الطاف احمدشاہ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی جوتقریباًایک دہائی تک اپنے گھر میں نظربند رہنے کے بعد گزشتہ سال یکم ستمبر کو دوران نظربندی ہی انتقال کرگئے تھے ،کے داماد تھے ۔الطاف احمدشاہ کو منگل کی رات بھاری تعداد میں قابض بھارتی فورسز کی موجود گی میں سرینگر میں سپر خاک کیاگیا۔ قابض حکام نے سرینگر میں سخت پابندیاں عائد کرکے عوام کو جنازے میں شرکت سے روک دیا۔ شہیدرہنما کی نماز جنازہ میں صرف چند لوگوں کو شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔