حکومت نے صدر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیلیے مدعو کرلیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے لئے مدعو کرلیا۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے لئے با ضابطہ مدعو کرلیا۔ اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے تحفظات بھی دور ہوگئے ہیں۔

صدر کے پارلیمنٹ سے مشترکہ خطاب سے متعلق وفاقی حکومت، اتحادی جماعتوں اور اسپیکر آفس میں طویل مشاورت ہوئی۔ حکومت نے صدرمملکت کوخطاب کی دعوت دینے سے قبل دیگر آپشنز پربھی غورکیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مخلوط حکومت کوخدشہ تھا کہ صدر اپنے خطاب میں سیاسی تناظر میں الفاظ استعمال کرسکتے ہیں۔ وفاقی حکومت صدر مملکت کو تحریری جبکہ صدر مملکت فی البدیہہ خطاب کے آپشنز پر غور کررہے تھے۔

قومی اسمبلی کے آئینی اور قانونی ماہرین نے وفاقی حکومت کو حکمت عملی سے آگاہ اور خطاب کے بارے میں قائل کیا۔

صدر مملکت کا مشترکہ اجلاس سے خطاب نئے پارلیمانی سال کے لئے ضروری ہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کیا جائے گا۔