وزیراعظم اور مراد سعید پر تنقید کرنے والے صحافی محسن بیگ گرفتار

اسلام آباد: ایف آئی اے نے وفاقی وزیر اور وزیراعظم پر تنقید کرنے والے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے وفاقی وزیر، حکومت اور وزیراعظم پر تنقید کرنے والے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرلیا۔ مراد سعید کی درخواست پر کارروائی کی گئی۔

ترجمان محسن بیگ کے مطابق ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری نے ایڈیٹر انچیف محسن بیگ کے گھر چھاپہ مارکر گھر کا گھیراؤ کیا۔ جب ایف آئی اے سے وارنٹ گرفتاری مانگے تو انہوں نے تلخ کلامی کی۔

ترجمان کے مطابق پولیس اور ایف آئی اے محسن بیگ کو ساتھ لے گئے۔ ایف آئی اے کے پاس محسن بیگ کے وارنٹ گرفتاری تھے نہ ہی کوئی مقدمہ درج تھا۔

گرفتاری کے دوران محسن بیگ اور ان کے بیٹے کی جانب سے مبینہ طور پر مزاحمت کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں محسن بیگ کے وکیل راحیل نیازی نے غیر قانونی حراست کے خلاف درخواست دائر کر دی۔ درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔ عدالت نے بیلف مقرر کر کے محسن بیگ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب پولیس نے محسن جمیل بیگ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

حکومتی ترجمان شہباز گل نے واقعے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔